Site icon روزنامہ کشمیر لنک

فیصل واوڈا نے پیپلز پارٹی، ن لیگ کا مہمند ڈیم ٹھیکہ منسوخ کرنیکا مطالبہ مسترد کردیا

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مہمند ڈیم کا ٹھیکہ منسوخ کرنے کا مطالبہ مسترد کردیا۔اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) ڈیمز کے خلاف سازش کر رہے ہیں، یہ عناصر ڈیمز کو متنازع بنا کر ملکی ترقی کو روکنا چاہتے ہیں لیکن وہ ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔فیصل واوڈا نے کہا کہ ‘ڈیم، ملک اور میرے لیے زندگی ہے، اس سے قطعی طورپر پیچھے نہیں ہٹوں گا’۔انہوں نے مزید کہا کہ ‘ہم وہ نہیں جو کمیشن کے لیے کام کرتے ہیں، نہ ہم ایون فیلڈ اپارٹمنٹ بناتے ہیں اور نہ ہی گھر بیٹھے شوگر ملز بناتے ہیں’۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ‘ڈیم کے کنٹریکٹ میں ہر چیز میرٹ پر ہوئی ہے، اگر کسی کو تحقیقات کروانا ہے تو سو بسم اللہ’۔واضح رہے کہ حال ہی میں رپورٹ سامنے آئی تھی کہ وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد کی ملکیتی کمپنی ‘ڈیسکون’ اور چین کی کمپنی چائنا گیزوبا پر مشتمل جوائنٹ وینچر نے مہمند ڈیم کی تعمیر کا ٹھیکا حاصل کرنے کے لیے 309 ارب روپے کی بولی جیت لی ہے۔عبدالرزاق داؤد نے وزیراعظم کا مشیر بننے کے بعد ڈیسکون کی چیئرمین شپ چھوڑ دی تھی اور اب ان کے بیٹے کمپنی کے چیئرمین ہیں۔

Exit mobile version