لاہور: احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں گرفتار خواجہ سعد اور ان کے بھائی سلمان رفیق کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کردی۔لاہور کی احتساب عدالت میں خواجہ برادران کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں نیب نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کو عدالت میں پیش کیا۔دورانِ سماعت عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ اب کتنے افراد کو نوٹسز کیے ہیں؟ جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ 32 افراد کو اکاؤنٹس کی تحقیقات کے لیے طلب کرلیا گیا ہے۔عدالت نے مزید استفسار کیا کہ پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی میں سعد رفیق کا کوئی ہاتھ ہے؟نیب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہم پہلے دن خواجہ برادران کے ملوث ہونے کا ثبوت عدالت کو دے رہے ہیں۔اس دوران نیب پراسیکیوٹر نے خواجہ برادران کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی جس پر ملزمان کے وکلاء نے مخالفت کی تاہم عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا جو کچھ دیر بعد سنایا گیا۔عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کی استدعا منظور کرتے ہوئے خواجہ برادران کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی جب کہ دونوں بھائیوں کو 19 جنوری کو دوبارہ پیش کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔