کورین کار کمپنی ‘ہنڈائے’ نے چار ٹانگوں والی انوکھے ڈیزائن کی کانسیپٹ واکنگ کار ‘ایلیویٹ’ (Elevate) متعارف کرا دی، جو برفیلے راستوں اور پہاڑوں پر بھی باآسانی جاسکے گی۔لاس ویگاس میں منعقد ہونے والے سالانہ کنزیومر الیکٹرونکس شو (سی ای سی) میں دنیا بھر کی صف اول کی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے اپنی مصنوعات پیش کیں۔اس شو میں ڈرائیور کے بغیر چلنے والی گاڑیاں، ہیلتھ گیجٹس اور ہائی ڈیفینیشن ٹی وی اسکرینز بھی پیش کیے گئے، تاہم چار ٹانگوں پر چلنے والی اس گاڑی کی خاص طور پر دھوم رہی۔ہنڈائے کے مطابق اس گاڑی سے ایمرجنسی اور ریسکیو اہلکاروں کو دشوار گزار راستوں تک رسائی میں مدد ملے گی۔اس کانسپیٹ واکنگ کار کی باڈی کو تبدیل کیا جاسکتا ہے اور اس میں چاروں طرف سے داخل ہوا جاسکتا ہے۔اس گاڑی میں چار روبوٹک ٹانگیں موجود ہیں جو 5 ڈگری کے زاویے تک مڑ سکتی ہیں۔یہ گاڑی 5 فٹ تک چڑھائی چڑھ سکتی ہے اور اس دوران اس کے اندر موجود افراد بھی مکمل طور پر محفوظ رہیں گے۔اس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ کسی بھی سمت میں حرکت کرسکتی ہے، مختلف اسپیڈ میں چل سکتی ہے اور اگر ڈرائیور نارمل سڑک پر گاڑی چلانا چاہے تو اس کی ٹانگیں اندر بھی ہوسکتی ہیں۔ہنڈائے کے نائب صدر جون سوہ نے شو کے دوران بتایا کہ ‘سونامی اور زلزلے کے دوران موجودہ ریسکیو کی گاڑیاں صرف قریب یا سامنے موجود متاثرین تک پہنچ سکتی ہیں لیکن یہ گاڑیاں مزید آگے تک بھی جاسکتی ہیں’۔انہوں نے مزید بتایا کہ ‘اس کار کی مدد سے ایمرجنسی کے وقت معذوری کا شکار افراد کی بھی باآسانی مدد ہوسکے گی’۔