لاہور: پنجاب کے سینئر وزیر علیم خان نے اورنج لائن منصوبے کو بند نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیربلدیات علیم خان نے کہا کہ جون جولائی تک اورنج لائن منصوبہ مکمل ہوجائے گا، اس منصوبے پر عوام کے تین سو ارب روپے لگ چکے ہیں، چاہوں بھی تو اسے بند نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ اورنج لائن منصوبے کے لیے تمام چیزیں پہلے سے مکمل کریں گے، اورنج لائن منصوبے کو سالانہ 120 ارب روپے دینا پڑیں گے، اس حساب سے ایک بندے پر ایک ہزار روپے سے بھی زیادہ کی سبسڈی ہے۔علیم خان نے پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض چوہان کے میڈیا کے ساتھ رویے پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے رویے کو پسند نہیں کرتا اس لیے پہلی ہی معذرت کرچکا ہوں۔سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ 11 سال اپوزیشن میں رہا اور 4 سال آئی ٹی کا وزیر تھا، اگر کرپشن کی ہے تو میرے خلاف ثبوت لائے جائیں، 2015 سے اب تک میڈیا ٹرائل میں ہوں، جو چیز ہے وہ کلیئر ہوکر سامنے آنی چاہیے، اگر عمران خان یا میں قصور وار ہیں تو بتایا جائے۔