اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل سماعت کے لیے جلد مقرر کرنے کی درخواست منظور کرلی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل 2 رکنی ڈویژن بینچ نے سابق وزیراعظم کی درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے مختصر سماعت کے بعد نواز شریف کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے رجسٹرار آفس کو 10 دن میں اپیل سماعت کے لیے مقرر کرنے کے احکامات جاری کیے۔سابق وزیراعظم کی جانب سے گزشتہ روز ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کی گئی تھی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل جلد سماعت کے لیے مقرر کی جائے۔متفرق درخواست میں کہا گیا تھا کہ 2 رکنی بینچ سزا کے خلاف دائر اپیل پر سماعت کرچکا ہے اور عدالت نے سزا معطلی کی درخواست مرکزی اپیل کے ساتھ سننے کی ہدایت کی ہے۔