بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت نے بھی طالبان سے مذاکرات کی حمایت کر دی۔ایک بیان میں جنرل بپن راوت نے کہا کہ اگر طالبان مذاکرات کے لیے کوئی شرائط نہیں لگاتے تو ان سے مذاکرات کرنے چاہئیں۔انھوں نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات خطے، پاکستان اور بھارت کے بھی مفاد میں ہیں۔بھارتی جنرل نے مذاکرات کے لیے خود ایک شرط لگاتے ہوئے کہا کہ طالبان سے تبھی مذاکرات کیے جائیں اگر وہ افغانستان میں پائیدار امن کے خواہش مند ہوں۔جنرل بپن راوت نے کہا کہ پاکستان افغانستان کو اپنے گھر کا پچھلا حصہ سمجھتا ہے اس لیے وہ افغانستان میں ایسی صورت حال چاہتا ہے جو پاکستان کے مفاد میں ہو۔بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے سوشل میڈیا پر پابندیاں عائد کی جانی چاہئیں۔انھوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کی فنڈنگ میں سوشل میڈیا کا بھی کردار ہے۔