Site icon روزنامہ کشمیر لنک

سانحہ اے پی ایس میں زخمی ہونیوالے طالبعلم کیلئے برطانیہ میں ‘پوائنٹ آف لائٹ’ ایوارڈ

لندن: برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کی جانب سے آرمی پبلک اسکول پر حملے میں زخمی ہونے والے طالبعلم احمد نواز کی علم دوستی اور انتہا پسندی کے خلاف گراں قدر کاوشوں کے باعث انہیں ‘پوائنٹ آف لائٹ’ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔واضح رہے کہ احمد نواز 16 دسمبر 2014 کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر ہونے والے دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہوگئے تھے، اس سانحے میں 150 کے قریب افراد شہید ہوئے تھے، جن میں زیادہ تعداد معصوم طالب علموں کی تھی۔برطانیہ کے شہر برمنگھم میں زیر تعلیم احمد نواز نے اس بات کا اعلان اپنے ٹوئٹر پیغام کے ذریعے کیا۔18 سالہ احمد نواز نے اپنی ٹوئیٹ میں وزیراعظم آفس 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کی جانب سے جاری کیے گئے خط کا عکس بھی پوسٹ کیا، جس میں انہیں ‘پوائنٹ آف لائٹ ایوارڈ’ دینے کا اعلان کیا گیا۔خط کے مطابق پاکستان میں دہشت گرد حملے سے بچ جانے والے احمد کو طالبان کی جانب سے قتل کی دھمکیاں بھی ملیں، لیکن پھر بھی ان کے عزم میں کوئی کمی نہ آئی اور وہ اپنی تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ پورے امریکا میں اسکولوں کے دورے کرکے اپنا پیغام پھیلا رہے ہیں۔واضح رہے کہ گذشتہ برس احمد نواز نے بین الاقوامی جنرل سرٹیفکیٹ آف سیکنڈری ایجوکیشن (جی سی ایس ای) امتحانات میں 6 اے پلس اور 2 ایز لے کر منفرد اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔

Exit mobile version