سری نگر وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں دو کشمیری نوجوانون کو شہید کر دیا ہے ۔ بھارتی فوج نے پیر کی صبح چرار شریف میں واقع ہاپت نالہ نامی علاقے کا محاصرہ کر لیا اور تلاشی آپریشن شروع کیا۔ اس دوران فوج نے دو نوجوانوں کو گولی مار کر شہید کر دیا۔ نوجوانوں کی شہادت کی اطلاع پر شہریوں نے گھروں سے باہر نکل کر زبردست احتجاجی مظاہرے کیے بھارتی فورسز نے مظاہرین کو روکنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا ۔ حکام نے بڈگام میں موبائل اور انٹرنٹ سروس معطل کر دی ہے دریں اثنامقبوضہ کشمیرمیں سانحہ گائوکدل کے شہدا کی 29 ویں برسی پر پیر کو مکمل ہڑتال سے کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا۔سرینگر کے گائو کدل علاقے میں 1990میں بھارتی فوج نے شہریوں پر فائر کھول دیا تھا جس کے نتیجے میں50شہری شہید ہو گئے تھے ۔ ہڑتال کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے کئی علاقوں میں جلسے جلوس اور مظاہرے ہوئے۔سانحہ گائوکدل کے سلسلے میں پروگرام میں شرکت سے قبل پولیس نے سوموار کو لبریشن فرنٹ چیئر مین محمد یاسین ملک کو ان کی رہائش گاہ واقع مائسمہ سے گرفتار کرلیا۔ مقبوضہ کشمیر کی مشترکہ آزادی پسند قیادت سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک نے سانحہ کے گائو کدل کے خلاف سری نگر اور اس کے آس پاس علاقے میں مکمل ہڑتال کی اپیل کی تھی ۔اکیس جنوری انیس سونوے میں بھارتی فوج نے سرینگرکے علاقے گائوکدل میں پرامن مظاہرے پربلااشتعال فائرنگ کرکے پچاس سے زائدبے گناہ لوگوں کو شہید کردیاتھا جوفوجیوں کے ہاتھوں متعددخواتین کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔سرکردہ حریت کاکن غازی جاوید بابا کے اہل خانہ کے مطابق پولیس غازی جاوید بابا کو اپنے گھر سے گرفتار کر لیا گیا ہے انہیں پولیس چوکی اردو بازار فتح کدل میں رکھا گیا۔ پیپلز پولیٹیکل پارٹی کے چیئرمین انجینئر ہلال احمد وار کو پولیس نے انکے گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا ۔ انہیں گرفتار ی کے بعد مائسمہ تھانے میں رکھا گیا ہے۔ادھر 26 جنوری کو بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ پر بھارتی حکام نے سری نگر اور دوسرے علاقوں میں نام نہاد سکیورٹی انتظامات سخت کردئیے ہیں جن سے عوام کو شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ سری نگر میں26 جنوری کی بڑی تقریب کرکٹ اسٹیڈیم سونہ وار میں ہوگی۔ تقریب سے تقریبا ایک ہفتہ قبل بھارتی پولیس نے تقریب کے مقام کی طرف جانے والی تمام سڑکوں کو عام ٹریفک کیلئے بند کردیا ہے۔شمالی کشمیر میں قصبہ پٹن کے ہانجی ویرہ علاقے میں سوموار کوایک فوجی گاڑی پلٹنے سے دو اہلکار زخمی ہوگئے۔