Site icon روزنامہ کشمیر لنک

سانحہ ساہیوال پرعوام کا غم وغصہ جائز، ذمہ داران کو مثالی سزا دی جائے گی: وزیراعظم

اسلام آباد: سانحہ ساہیوال پر عوام کے غم و غصے کو جائز قرار دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے یقین دلایا ہے کہ ذمہ داران کو مثالی سزا دی جائے گی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ‘سانحہ ساہیوال پر عوام کا غم و غصہ بالکل جائز ہے’۔وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ‘میں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ میرے دورہ قطر سے واپسی پر نہ صرف واقعے کے ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے گی بلکہ میں پنجاب پولیس کے پورے ڈھانچے کا جائزہ لینے کے بعد اس میں اصلاحات کا عمل بھی شروع کروں گا’۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان آج سے قطر کے دو روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہو رہے ہیں، تاہم وزیراعظم کے اس دورے کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔عمران خان یہ دورہ ایک ایسے وقت میں کر رہے ہیں، جب دو روز قبل یعنی 19 جنوری کی سہہ پہر پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ساہیوال کے قریب جی ٹی روڈ پر ایک مشکوک مقابلے کے دوران گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں میاں بیوی اور ان کی 13 سالہ بیٹی سمیت 4 افراد جاں بحق اور تین بچے بھی زخمی ہوئے جبکہ 3 مبینہ دہشت گردوں کے فرار ہونے کا دعویٰ کیا گیا۔

Exit mobile version