اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے جعلی اکاؤنٹس کیس کی تفتیش کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے 4 کمبائن انویسٹی گیشن ٹیمیں تشکیل دے دیں۔ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے تشکیل کردہ چار ٹیموں میں سے ہر ٹیم میں 9 افسران تعینات کیے گئے ہیں جن میں 4 تفتیشی افسر، 4 پراسیکیوٹر اور ایک کیس افسر تعینات شامل ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس کی تفتیش کے لیے ملتان، کوئٹہ اور کراچی نیب کے افسران بھی شامل کیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق نیب ہیڈ کوارٹرز کی پرانی عمارت کو جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کا مرکز قرار دیا گیا ہے جب کہ احسان صاد ق کی سربراہی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے نیب ٹیم کو خصوصی بریفنگ بھی دے دی ہے۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 7 جنوری کو جعلی اکاؤنٹس کیس کی از سر نو تفتیش کے لیے معاملہ نیب کو بھیج دیا تھا اور عدالت نے قرار دیا تھا کہ نیب اس سارے معاملے کی ازسرِ نو تفتیش کرے اور اسے 2 ماہ میں مکمل کر کے رپورٹ پیش کرے، تفتیش کے بعد اگر کوئی کیس بنتا ہے تو بنایا جائے۔