اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے جنوبی افریقا میں ڈیمز فنڈ ریزنگ مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔پی ٹی آئی رہنما سینیٹر فیصل جاوید خان کے مطابق ڈیمز فنڈ ریزنگ مہم میں وزیراعظم عمران خان کا دستخط شدہ بیٹ اور گیند نیلامی کے پیش کیے جائیں گے۔فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھی دعوت دی ہے جس میں کپتان شعیب ملک، محمدحفیظ، حسن علی، شاداب خان، امام الحق اور عثمان شنواری سمیت دیگر شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیمز فنڈ ریزنگ مہم میں بیرون ملک پاکستانیوں کا جذبہ قبل تحسین ہے، اب تک ڈیم فنڈ میں پاکستانیوں نے بڑھ چڑ کر حصہ ڈالا۔فیصل جاوید نے اپیل کی کہ جنوبی افریقا میں بڑی تعداد میں بسنے والے پاکستانی ڈیمز فنڈ میں بھرپور حصہ ڈالیں، وہ وقت دور نہیں جب ہم پاکستان میں پانی کے بحران پر انشاءللہ قابو پا لیں گے۔واضح رہے کہ دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے سپریم کورٹ نے فنڈ قائم کیا ہے جس میں فنڈریزنگ کا سلسلہ جاری ہے جب کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی قوم اور بیرون ملک پاکستانیوں سے اس میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔اس سلسلے میں سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس (ر) ثاقب نثار نے بھی مختلف ممالک میں فنڈ ریزنگ کی تقریب میں شرکت کی تھی۔