اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہےکہ ہم ہر وہ اقدام کرنا چاہتے ہیں جس سے کاروبار اور سرمایہ کاری میں معاونت ہو۔اسلام آباد میں وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کی جارہی ہیں، کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے والے ممالک میں پاکستان کی رینکنگ کو بہتر کرنا ہے، آسان کاروبار سے متعلق پاکستان 136 ویں نمبر پر ہے، وزیراعظم نے پاکستان کی رینکنگ بہتر کرنے کا ہدف دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن سے متعلق بھی آسانی پیدا کررہے ہیں، اب ون ونڈو کے ذریعے کمپنی کی رجسٹریشن ہوا کرے گی، پورٹل بنایا ہے جہاں کمپنی کو تمام سہولیات ایک جگہ ملیں گی، کاروباری طبقے کے لیے ٹیکسوں کی تعداد 47 سے 16 کردی ہے، ہماری ٹیم نے صوبوں کے ساتھ مل کر ٹیکسوں سے متعلق کام کیا۔وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ بجلی کنکشن اور لوڈشیڈنگ کے اوقات سے متعلق شکایات ہیں، وزارت توانائی کے ساتھ مل کر اقدامات کیے جارہے ہیں، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور دیگر تفصیلات ویب سائٹ پر فراہم کریں گے۔عبدالرزاق داؤد نے مزید کہا کہ ورلڈ بینک کے انڈکس میں بہتری کے لیے پرامید ہیں، ہر وہ اقدام کرنا چاہتے ہیں جس سے کاروبار اور سرمایہ کاری میں معاونت ہو۔اس موقع پر چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف کا کہنا تھا کہ سرمایہ کار جنوبی ایشیا کو دیکھ رہے ہیں، ہم ٹیکنالوجی پاکستان میں لانے کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں، پانچ سال میں ٹاپ 50 ممالک میں آنے کا ٹارگٹ ہے۔