پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ اپنے شعبے میں پروفیشنل اور ماہر فوجی کی حیثیت سے شہرت رکھتے ہیں لیکن ملک کے کروڑوں لوگوں کی طرح وہ بھی کرکٹ سے گہرا لگاؤ رکھتے ہیں۔جنرل قمر جاوید باجوہ کو کرکٹ کے کئی ریکارڈز اور واقعات زبانی یاد ہیں۔ چیف آف آرمی اسٹاف کی کرکٹ سے والہانہ محبت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ وہ نجی دورے پر بدھ کو کیپ ٹاؤن میں تھے اور کرکٹ کی محبت انہیں نیولینڈز کیپ ٹاؤن کھینچ لائی جہاں انہوں نے ڈریسنگ روم میں پاکستانی کھلاڑیوں سےملاقات کی۔کرکٹرز کو اچانک جنرل قمر جاوید باجوہ کو دیکھ کر خوشگوار حیرت ہوئی۔ پاکستانی کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ جب ٹیم منیجر طلعت علی، جنرل باجوہ سے ہر کھلاڑی کا تعارف کرارہے تھے تووہ اس کھلاڑی کے بارے میں پہلے ہی بہت سی معلومات رکھتے تھے۔پاکستان ٹیم کے اسسٹنٹ منیجر اور سابق انٹرنیشنل کھلاڑی منصور رانا سے بات چیت کے دوران جنرل قمر باجوہ نے ان کے والد اور مشہور امپائر شکور رانا مرحوم کے بارے میں بہت ساری باتیں کیں اور منصور رانا کو اس وقت حیرت ہوئی جب وہ کہہ رہے تھے کہ آپ کے چچا سلطان رانا اچھے کرکٹر اور غیر معمولی فیلڈر تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیڑ ھ سال قبل جب پاکستانی ٹیم نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں تاریخی کامیابی حاصل کی تھی تو آرمی چیف نے پاکستانی ٹیم کو جی ایچ کیو میں مدعو کیا تھا اور اس وقت کپتان سرفراز احمد اور دیگر کھلاڑیوں سے کھل کر تبادلہ خیال کیا تھا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر طلعت علی ملک نے جمعرات کی شب کیپ ٹاؤن سے فون پر جیونیوز کو بتایا کہ پانچویں ون ڈے کے دوران مجھے کسی نے بتایا کہ جنرل باجوہ وی آئی پی باکس میں میچ دیکھ رہے ہیں، میں نے ان سے جاکر ملاقات کی اور انہیں مدعو کیا کہ آپ ڈریسنگ روم آکر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں۔جنرل صاحب کرکٹ سے دیرینہ محبت رکھتے ہیں انہوں نے ہماری دعوت کو قبول کیا اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی، وہ کھلاڑیوں سے گھل مل گئے۔طلعت علی ملک نے کہا کہ جنرل باجوہ نے بتایا کہ وہ خود بھی اچھے کرکٹر رہے ہیں اور کرکٹ کے اب بھی شوقین ہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے کئی معاملات پر بات چیت کی اور کھلاڑی ان کی معلومات دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئے۔