سنچوریں: پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا۔جنوبی افریقا کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز کے بعد پاکستان ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی وائٹ واش کا سامنا ہے، سیریز میں میزبان ٹیم کو 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے اور آج دونوں ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے سنچورین میں مدمقابل ہوں گی۔کپتان سرفراز احمد کی وطن واپسی کے بعد شعیب ملک کیلئے مشکل آزمائش ہے۔ جنوبی افریقی ٹیم نے پاکستان کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 کے بعد کسی بھی سیریز میں ناقابل شکست رہنے کے سلسلے کو بھی توڑ دیا۔اس شکست کے ساتھ ہی پاکستان کی مسلسل 9 جبکہ ہدف کے تعاقب میں مسلسل 11 فتوحات کا سلسلہ بھی ٹوٹ گیا۔ جنوبی افریقا اور پاکستان کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بدھ کو سپراسپورٹ پارک سنچورین میں ہورہا ہے۔میچ رات نو بجے شروع ہوگا۔وائٹ واش سے بچنے کیلئے پاکستان ٹیم کو میچ میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ سنچورین میں پاکستان نے2013 میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں جنوبی افریقا کو95 رنز سے شکست دی تھی۔ سنچورین میں جنوبی افریقا نے 7 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں جن میں سے 4 جیتے اور تین میں اسے شکست ہوئی۔جنوبی افریقا نے دورے میں پاکستان ٹیم کو تینوں فارمیٹس میں شکست دی ہے۔ ٹیسٹ سیریز میں میزبان ٹیم 0-3 سے فاتح رہی۔ ون ڈے سیریز میں پاکستان نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن جنوبی افریقا 2-3 سے کامیاب رہا۔شعیب ملک کی کپتانی میں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں جوہانسبرگ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 رنز سے شکست دے دی۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 6 رنز سے ہرایا تھا۔3 ٹیسٹ میچوں میں وائٹ واش کے بعد پانچ میں سے صرف دو ایک روزہ میچوں میں کامیابی، کپتان سرفراز پر چار میچوں کی پابندی کے بعد ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سریز میں بھی شکست۔ ناکامی کی یہ داستان پاکستان میں شائقین کرکٹ کیلئے یقیناً کافی تکلیف دہ ثابت ہو گی۔پاکستانی بولنگ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نسبتاً کمزور جنوبی افریقی ٹیم کے خلاف مکمل بے بس دکھائی دی۔ سنچورین میچ کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کا دوماہ طویل دورہ بھی ختم ہوجائے گا۔
بابر اعظم نے دوسرے میچ میں غیرمعمولی اننگز کھیلی لیکن وہ میچ کو فنش نہ کرسکے۔ بابر نے 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 58 گیندوں پر 90 جبکہ حسن طلعت نے سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔