ماسکو: امریکا کے ساتھ امن مذاکرات میں طالبان کی ٹیم کی سربراہی کرنے والے رہنما شیر محمد عباس ستنکزئی کا کہنا ہے کہ طالبان افغانستان پر بزور طاقت قبضہ کرنے کے خواہشمند نہیں اور ہم پورے ملک پر قبضہ کرنا نہیں چاہتے۔عباس ستنکزئی طالبان اور امریکا کے درمیان ہونے والی مذاکراتی ٹیم کا حصہ ہیں اور وہ ان دنوں روس کے شہر ماسکو میں موجود ہیں جہاں طالبان اور افغانستان کی اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان دو روزہ مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔شیر محمد عباس ستنکزئی کا کہنا تھا کہ طالبان جنگ بندی پر اس وقت تک رضامند نہیں ہوں گے جب تک غیرملکی افواج کا افغانستان سے انخلاء نہ ہوجائے۔انہوں نے کہا کہ 90 کی دہائی میں جب طالبان اقتدار میں تھے تو انہیں یہ بات سمجھ آگئی تھی کہ مسائل کے حل کا بہتر طریقہ بات چیت ہے۔