Site icon روزنامہ کشمیر لنک

سابق وفاقی وزیر کامران مائیکل 5 روزہ راہداری ریمانڈ پر نیب کے حوالے

لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ سینیٹر کامران مائیکل کو 5 روزہ راہداری ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔کامران مائیکل کو مزید تفتیش کے لیے لاہور سے کراچی منتقل کیا جائے گا۔واضح رہے کہ لیگی رہنما سینیٹر کامران مائیکل کو گزشتہ روز لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا۔ترجمان نیب کے مطابق کامران مائیکل پر ایک ارب 50 لاکھ روپے کی کرپشن اور کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) میں غیر قانونی طور پر 3 کمرشل پلاٹ لینے کا الزام ہے۔ترجمان نے بتایا کہ پلاٹوں کے عوض کامران مائیکل نے بھاری رشوت لی اور 2013 میں افسران پر غیرقانونی الاٹمنٹ دینے کے لیے دباؤ ڈالا۔ترجمان نیب کے مطابق کامران مائیکل پر اسی طرح کے 16 پلاٹس کے حوالے سے ریفرنس بھی فائل کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ لیگی رہنما کامران مائیکل اقلیتوں کی مخصوص نشست پر مارچ 2012 سے تاحال سینیٹر ہیں۔وہ سابق وزرائے اعظم میاں نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کی کابینہ میں مختلف وزراتوں پر وزیر کی حیثیت سے بھی فرائض سر انجام دیتے رہے ہیں۔

Exit mobile version