Site icon روزنامہ کشمیر لنک

سعودی ولی عہد کا استقبال‘ وزیر اعظم گاڑی خود چلائیں گے

اسلام آباد: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان 16 سے 17 فروری کو پاکستان کے دورے پر ہوں گے، اس حوالے سے سیکورٹی سمیت تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد وزیر اعظم ہاؤس میں قیام کریں گے جبکہ وزیر اعظم اپنی کابینہ سمیت محمد بن سلمان کا استقبال کریں گے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق معزز مہمان کو ہوائی اڈے سے قیام گاہ لے جانے کے لیے مختلف پلان تشکیل دیے گئے ہیں جن میں سے ممکنہ طور پر وزیر اعظم عمران خان سعودی ولی عہد کی گاڑی خود چلائیں گے جبکہ دوسرے پلان کے مطابق محمد بن سلمان کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے وزیر اعظم ہاؤس لایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد 4 طیاروں کے ساتھ لینڈ کریں گے، پاکستانی فضائی حدود میں معزز مہمان کے طیارے کو جے ایف 17 پروٹوکول حصار میں لیں گے اور پاکستان آمد پر انہیں جے ایف 17 تھنڈر سے سلامی بھی دی جائے گی۔ بعد ازاں گارڈ آف آنر اور 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی جس کے بعد وزیراعظم سعودی ولی عہد کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے جب کہ ایوان صدر میں عشایہ دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ 102 افراد کا وفد ہوگا جن میں سے کچھ مہمان اسلام آباد کے نجی ہوٹلز میں قیام کریں گے اور اس سلسلے میں 8 ہوٹلز کی بکنگ کی گئی ہے۔ مہمانوں کے حفاظتی انتظامات کے لیے 123 شاہی محافظ پہلے ہی پاکستان پہنچ چکے ہیں جو اسلام آباد کے 8 ہوٹلز کی نگرانی بھی کریں گے جبکہ وزیراعظم ہاؤس اور 8 نجی ہوٹلز کی سیکورٹی پاک فوج کے سپرد کردی گئی ہے ۔ پاکستانی حکومت نے سعودی وفد کے لیے 300 لینڈ کروزرز مختص کی ہیں۔ معزز مہمان کو 5 حصاروں پر مشتمل وی وی آئی پی سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ 80 کنٹینرز پر سعودی ولی عہد کا سامان 90 ٹرکوں میں پہنچایا گیا جن میں ان کے ذاتی استعمال کی اشیا سمیت کافی مشین بھی پاکستان پہنچادی گئی ہے جبکہ محمد بن سلمان کے ذاتی استعمال کے لیے کچھ گاڑیاں بھی سعودی عرب سے پاکستان آئی ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان میں دونوں ممالک کے درمیان 20 ارب ڈالرز کے معاہدوں کی توقع کی جارہی ہے ۔

Exit mobile version