نیویارک: اقوام متحدہ نے ایک بار پھر بھارت اور پاکستان سے کشیدگی ختم کرنے پر زور دیا ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ صورتحال سے اقوام متحدہ پوری طرح آگاہ ہے۔ترجمان نے کہا کہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس دونوں ممالک کے ساتھ مختلف سطح پر رابطے میں رہے اور انہوں نے تناؤ کم کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ اقدامات پر زور دیا۔ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی پاکستانی یا بھارتی وزیر اعظم سے اب تک کوئی گفتگو نہیں ہوئی ہے۔یاد رہے کہ بھارتی طیارے 25 اور 26 فروری کی درمیانی شب لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں داخل ہو کر ایمونیشن گرا کر فرار ہوئے جس کا بھرپور جواب دیتے ہوئے اگلے ہی روز پاک فضائیہ نے دو بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے اور ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کیا جسے بعدازاں بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔