برطانوی پارلیمان نے دوسری مرتبہ یورپی یونین سے علیحدگی کا معاہدہ مسترد کردیا

لندن: برطانوی پارلیمان نے ایک مرتبہ پھر وزیراعظم ٹریزامے کی جانب سے برطانیہ کو یورپی یونین سے نکالنے کی ڈیل کو مسترد کردیا۔برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے یورپی یونین سے علیحدگی کے معاہدے کو اراکین پارلیمان نے 242 کے مقابلے میں 391 ووٹ سے مسترد کیا جس کے بعد معاہدے کے لیے اپنائے گئے لائحہ عمل پر مزید ابہام پیدا ہو گیا ہے۔اس سے قبل وزیراعظم کی مجوزہ بریگزٹ ڈیل کو پارلیمان کے سامنے جنوری میں پیش کیا گیا تھا اور اس میں اُسے 230 ووٹوں سے تاریخی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔دوسری جانب وزیراعظم ٹریزامے کا کہنا ہے کہ اب اراکین پارلیمان اس بارے میں ووٹ ڈالیں گے کہ کیا برطانیہ کو معاہدے کے بغیر ہی 29 مارچ کو یورپی یونین سے نکل جانا چاہیے اور اگر اس میں بھی ناکامی ہوئی تو پھر سوال یہ ہوگا کہ کیا بریگزیٹ کو التوا میں ڈال دیا جائے۔برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان بریگزٹ معاہدے کے مسودے پر اتفاق ہوگیا.اُدھر یورپی کمیشن کے صدر ژان کلاؤڈ جنکر نے برطانوی وزیراعظم ٹریزامے کو متنبہ کیا تھا کہ اگر اس بار انہیں ایوان سے معاہدے کو منظور کرانے میں شکست ہوئی تو انہیں تیسرا موقع نہیں دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں