اسلام آباد: پاکستان نے نیوزی لینڈ میں مسجد پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے افسوسناک واقعہ قرار دیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کرائسٹ چرچ کی مسجد پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے المناک دہشت گردی کا حملہ قرار دیا ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھیانک حملے میں معصوم قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں فائرنگ کے نتیجے میں درجنوں افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں، فائرنگ سے متاثرہ ایک مسجد میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی موجود تھے تاہم وہ حملے میں محفوظ رہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ پاکستانی ہائی کمشنر مقامی انتظامیہ سے رابطے میں ہیں اور ہائی کمیشن سے حملے کی معلومات حاصل کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں فائرنگ کی خبر سن کر دھچکا لگا، پاکستانی قوم کی دعائیں نیوزی لینڈ اور بنگلادیشی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ ہیں جو حملے میں محفوظ رہے۔وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو بھی چند سالوں پہلے اسی قسم کی صورتحال کا سامنا تھا اور ہم اس مشکل وقت کی تکلیف محسوس کر سکتے ہیں۔