ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہےکہ نیوزی لینڈ میں اس قسم کا واقعہ کبھی نہیں سنا اور یورپ میں بدقسمتی سے اسلام فوبیا دکھائی دے رہا ہے۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ اس وقت ہمارے تقریباً 9 کے قریب لوگ لاپتا ہیں جن کی کل سے تلاش کررہے ہیں، لاپتا افراد کے موبائل فون بند ہیں، متاثرہ فیملی سے رجوع کریں گے اور ان کی ہر ممکن مدد کریں گے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کرائسٹ چرچ میں 300 کے قریب پاکستانی مقیم ہیں، زخمیوں کی فہرست سامنے آچکی ہے، زخمیوں میں ایک پاکستانی کا نام شامل ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یورپ میں بدقسمتی سے اسلام فوبیا دکھائی دے رہا ہے، نیوزی لینڈ میں اس قسم کا واقعہ کبھی نہیں سنا، اس واقعے کو دہشت گردی تسلیم کیا گیا ہے، تفتیش سے بات سامنے آجائے گی کہ ملزمان کا مشن کیا تھا۔