اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی ہم منصب جسینڈا آرڈرن کو فون کیا اور انہیں سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد ان کے ردعمل کی تعریف کی۔وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے فون پر بات چیت کے دوران نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کی مسلمانوں کے ساتھ باعزت برتاؤ پر ان کی تعریف کی۔وزیراعظم نے کہا کہ آپ کے قابل تحسین اقدامات پر پاکستانی قوم شکر گزار ہے، نیوزی لینڈ کے مقامی حکام کی جانب سے سانحہ پر تیز رد عمل پر خراج تحسین کرتا ہوں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اسلامو فوبیا اور عالمی انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے وزیراعظم آرڈرن نے دیگر رہنماؤں کو راستہ دکھایا ہے، آپ کی قیادت اور رویے کے باعث پاکستان میں آپ نے بہت سے لوگوں کے دل جیت لیے ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار رہا، غم کی اس گھڑی میں پاکستان نیوزی لینڈ کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہے۔اس موقع پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے کہا کہ اس حادثے کے باعث نیوزی لینڈ صدمے میں ہے، ہم نے فوری طور پر آٹومیٹک گنز اور رائفلز پر پابندی عائد کی۔جیسنڈا آرڈن نے سانحہ میں پاکستان کے نعیم رشید کی جرات و بہادری کی تعریف کی اور کہا کہ نیوزی لینڈ مسلمانوں کی آزادی اور تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔