کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ‘کاروانِ بھٹو’ ٹرین مارچ کراچی کے کینٹ اسٹیشن سے روانہ ہوگیا جو کل لاڑکانہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔چیئرمین پیپلز کا ٹرین مارچ اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے، کینٹ اسٹیشن کے بعد مارچ نے لانڈھی اسٹیشن پر پڑاؤ ڈالا جہاں کارکنان کی بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 40 سال پہلے غیر جمہوری قوتوں نے ذوالفقار علی بھٹو کو تختہ دار پر لٹکا دیا لیکن انہوں نے اپنا سر نہیں جھکایا اور جان دے دی اور ‘یو ٹرن’ نہیں لیا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ 4 اپریل کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی ہے، امید کرتا ہوں لوگ بڑی تعداد میں گڑھی خدا بخش پہنچیں گے۔’کاروانِ بھٹو’ مارچ میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے اور پیپلز پارٹی کی جانب سے ٹرین کی بکنگ 10 لاکھ 51 ہزار چار سو روپے میں کرائی گئی ہے۔