راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے طالبات کو موبائل فون کم استعمال کرنے اور رات کو جلدی سونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کا بس چلے تو اسمارٹ فون ہی بند کروادیں۔ویمن کالج راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ راولپنڈی خواتین کی تعلیم میں سب آگے ہے۔انہوں نے بتایا کہ مجھے سیاسی زندگی میں جتنے پلاٹ ملے سب پر درس گاہیں بنائی ہیں، میری اس کالج سے بھی بہت سی یادیں وابستہ ہیں۔وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ سرسید روڈ پر خواتین کالج کا ٹھیکا دے دیا ہے، پولیس لائن کو شفٹ کرکے اس کی جگہ یونیورسٹی بنانا چاہتا ہوں، اس کالج میں تب ہی واپس آؤں گا جب کالج یونیورسٹی میں تبدیل کرلوں گا۔شیخ رشید نے کہا کہ شہر میں نرسنگ کالج اور اسپتال بنوا رہا ہوں، ساتھ ہی انہوں نے کالج انتظامیہ کو پیشکش کی اگر یہ کالج یونیورسٹی بن گیا تو لال حویلی کو بھی اس کا کیمپس بنا لیں۔