Site icon روزنامہ کشمیر لنک

آشیانہ کیس: وکیل کی استدعا منظور، شہباز شریف پر آج فرد جرم عائد نہ ہوسکی

لاہور: احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ کیس اور رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف کے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے آج اُن پر فرد جرم عائد نہ کی۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز احتساب عدالت کی جانب سے طلب کیے جانے پر پیش ہوئے، اس موقع پر عدالت کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے کہا تمام وکلاء موجود ہیں گواہ کی شہادت ریکارڈ ہوگی جس پر شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ ہم بار کے نمائندے ہیں اور پنجاب بار کونسل نے ہڑتال کی کال دی ہے۔فاضل جج نے وکیل کو کہا میرے پاس ہڑتال کا کوئی نوٹس نہیں آیا جس پر شریف فیملی کے وکلا نے کہا ہڑتال کے باعث ہم عدالت چھوڑ کر جارہے ہیں۔شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ طبیعت کی خرابی کی وجہ سے شہباز شریف زیادہ دیر بیٹھ نہیں سکتے، عدالت نے حاضری لگنے کے بعد شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو جانے کی اجازت دے دی۔احتساب عدالت کے جج نے شہباز شریف کو روسٹرم پر بلایا اور ریمارکس دیے کہ کچھ وکلاء کا رویہ انتہائی نامناسب ہے، آپ جاتے ہوئے اپنے وکلا کے علاوہ جو دیگر لوگ ساتھ آئے انہیں بھی لے جائیں۔عدالت نے عملے کو ہدایت کی کہ جو لوگ عدالت میں شور شرابہ کررہے ہیں انہیں کان سے پکڑ کر باہر نکال دیا جائے۔یاد رہے کہ شہباز شریف کو نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں گزشتہ برس اکتوبر میں گرفتار کیا تھا اور لاہور ہائیکورٹ نے 14 فروری کو ان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

Exit mobile version