لاہور: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کینسر کے عارضے میں مبتلا 2 بچیوں کی سپاہی بننے کی خواہش پوری کردی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 13 سالہ جویریہ عالم اور 15 سالہ روبا رفیق کینسر کے عارضے میں مبتلا ہیں جن کا سب سے بڑا خواب آرمی کا سپاہی بننا تھا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے دونوں بچیوں نے سپاہی بننے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے دونوں بچیوں کی خواہش کو پورا کرنے کا حکم دیا جس پر کورکمانڈر لاہور نے دونوں بچیوں سے ملاقات کی۔کورکمانڈر لاہور نے کینسر میں مبتلا دونوں بچیوں کی خواہش کو پورا کیا اور انہیں یونیفارم پہنا کر میس کا دورہ کروایا۔جویریہ اور روبا نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی جس کےبعد دونوں نے آرمی میوزیم کا دورہ کیا جہاں انہیں ہتھیاروں کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔