Site icon روزنامہ کشمیر لنک

گوادر میں پاکستان کے ”سب سے بڑے ایئرپورٹ‘ ‘کا سنگ بنیاد

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان جمعہ کو بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں رقبے کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے ائیرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق وزیراعظم اپنے دورہ بلوچستان کے دوران کوئٹہ ژوب شاہراہ سمیت متعدد دیگر منصوبوں کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔
گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ چین کے تعاون سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ ایئرپورٹ اے ٹی آر 72، ایئربس اے-300، بوئنگ 737 اور بوئنگ 747 جیسے بڑے مسافر طیاروں کی لینڈنگ کی گنجائش موجود ہو گی۔
گوادر شہر سے 26 کلومیٹر مشرق میں واقع گورندانی کے علاقہ میں بنائے جانے والے ائیر پورٹ کے منصوبہ کی مالیت 230 ڈالر ہے اور چین اس منصوبے کے لیے فنڈ فراہم کر رہا ہے۔
اسلام آباد میں چین کے سفارتخانے کے ڈپٹی چیف آف مشن لی جیان ژاﺅ نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’نیوگوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے سنگ بنیاد رکھنے اور دوسری گوادر ایکسپو کے موقع پر ہم آپ کو ایک الگ گوادر پورٹ دکھائیں گے۔‘
پاکستان کے سول ایوی ایشن کے ایک اہلکار نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’گوادر ایئرپورٹ رقبہ کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا ایئر پورٹ ہوگا۔‘
وزیراعظم اپنے دورے کے دوران’ ’گوادر ایکسپو‘ ‘کی اختتامی تقریب میں بھی شرکت کریں گے اور چین کے ساتھ گوادر میں ووکیشنل ٹریننگ سنٹر اور اسپتال کی تعمیر کے منصوبوں کے معاہدے پر بھی دستخط کریں گے۔
گوادر میں عمران خان سیاسی و قبائلی عمائدین سے ملاقاتیں کریں گے جس کے بعد وزیراعظم کراچی کے لئے روانہ ہوں گے۔
صحافی اور معاشی تجزیہ نگار شاہد رند نے عرب نیوز کو بتایا کہ گوادر کو ایک انٹرنیشنل شہر کی حیثیت سے تعمیر کیا جارہا ہے اور یہاں ایک انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بڑی اشد ضرورت ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے وزیر اعظم ایسے اقدامات کا اعلان کریں گے جس سے ا
نہیں سب سے زیادہ فائدہ ہوگا۔
شاہد رند کے مطابق گوادر کے اہم مسائل میں پانی کی قلت اور مقامی مچھیروں کے لیے سہولتوں کا فقدان شامل ہے۔
ان کے مطابق شہر کی ترقی کے بعد غیر مقامی لوگوں کے آنے سے گوادر میں آبادی کا تناسب بھی مقامی لوگوں کے لئے ایک اہم خدشہ ہے۔

Exit mobile version