اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ایف آئی اے سے اصغر خان کیس کی ضمنی رپورٹ طلب کرلی جس میں پیسے لینے والوں سے متعلق شواہد یا شکوک سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سپریم کورٹ میں اصغر خان کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے ایف آئی سے ضمنی رپورٹ طلب کی جب کہ عدالت نے استفسار کیا کہ بینک اکاؤنٹس کون چلا رہا تھا؟ اس کی نشاندہی کی جائے۔عدالت عظمیٰ نے ہدایت کی کہ رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی جائے کہ کون سا ریکارڈ موجود نہیں ہے، پیسے لینے والوں سے متعلق شواہد یا شکوک سے آگاہ کیا جائے، رپورٹ میں بتایا جائے کہ جو ریکارڈ نہیں ملا وہ کس کے پاس ہونا چاہیے جب کہ رقم لینے سے انکار کرنے والوں کا نام رپورٹ میں شامل کیا جائے۔دورانِ سماعت وزارت دفاع کی طرف سے ڈائریکٹر لیگل بریگیڈیئر فلک ناز عدالت میں پیش ہوئے۔جسٹس عظمت سعید شیخ نے وزارت دفاع کے وکیل سے سوال کیا کہ ہم نےرپورٹ طلب کی تھی،کیا آپ نےجمع کروادی؟ وکیل نے بتایا کہ 16 مارچ کو رپورٹ جمع کروا دی گئی تھی۔