اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے الیکشن کمیشن کے 2 ممبران کی تقرری کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو خط لکھ دیا۔ذرائع کے مطابق اس سے قبل وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کی جانب سے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو خط لکھا گیا تھا جسے قائد حزب اختلاف نے آئینی تقاضوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مسترد کیا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن لیڈر کے اعتراض کے بعد شہبازشریف کو خود خط لکھا ہے اور اس خط میں بھی پہلے والے خط کے نام دوبارہ تجویز کیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان کے الیکشن کمیشن کے ممبر کے لیے امان اللہ بلوچ، منیر کاکڑ اور نوید جان بلوچ کے نام تجویز کیے ہیں جب کہ سندھ کے لیے خالد صدیقی، فرخ ضیاء شیخ اور ایاز محمود کے نام دیے گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہےکہ اپوزیشن چیمبر نے وزیراعظم کے قائد حزب اختلاف کو خط پر بھی اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا ہےکہ اس معاملے پر خطوط سے کوئی پیشرفت نہیں ہوگی، جب تک وزیراعظم عمران خان اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سے ملاقات نہیں کرتے تب تک معاملے آگے نہیں بڑھ پائے گا۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن چیمبر نے کہا ہےکہ چیف الیکشن کمشنر اور کمیشن کے ممبران کی تعیناتی کے لیے آئینی راستہ ہے جس کے لیے قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کا متفق ہونا ضروری ہے، ماضی میں بھی اس طرح کی تقرری کیلئے قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کے درمیان ملاقاتوں اور اتفاق کی مثالیں موجود ہیں۔