Site icon روزنامہ کشمیر لنک

ایف16 گرایا،ہند کا اصرار، پاکستان نئے ثبوت لے آیا

راولپنڈی/ نئی دہلی…ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے پھر کہا ہے کہ نئی دہلی کا ایف 16گرانے کا دعویٰ محض دعویٰ ہے۔ دوسری طرف ہندوستانی فضائیہ اپنے دعوے پر قائم ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہاکہ پاکستان شروع سے ہی ثبوت کے ساتھ بات کر رہا ہے۔

میجر جنرل آصف غفور نے مگ 21 کے ملبے سے ملنے والے چاروں میزائلوں کے سیکر ہیڈز کی تصاویر بھی شیئر کیں جو صحیح حالت میں ملے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور اس کی پروفیشنل مسلح افواج نے اس معاملہ میں شر وع سے ذمہ داری کا ثبوت دیا ، ہمارے پاس شیئر کرنے کے لئے اس سے زیادہ سچ موجود ہے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق ایئر وائس مارشل آر جی کے کپور نے جمعہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پھر کہا کہ اپنے دعوے پر قائم ہیں کہ پاک ،ہند کشیدگی کے دوران پاکستان کے ایف 16 جنگی طیارے کو مارگرایاتھا ۔ اس کے پختہ ثبوت ہیں۔ 27 فروری کو ہماری فضائیہ نے پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں کی ہندوستانی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کو ناکام بنایا۔ اس دوران مگ21 طیارے نے نوشیرا سیکٹر میں پاکستان کے ایک ایف16 طیارے کو مار گرایا۔
اس دن 2 مختلف مقاما ت پر2پائلٹوں کو پیراشوٹ سے چھلانگ لگاتے ہوئے دیکھا تھا۔ جو2 طیارے گرے تھے ان میں سے ایک ہندوستانی کا مگ 21 تھا اور دوسرا پاکستانی فضائیہ کا طیارہ تھا۔ بعد ازاں الیکٹرانک سگنیچر سے بھی یہ واضح ہو گیا کہ یہ ایف 16 جنگی طیارہ تھا۔
یاد رہے کہ امریکی جریدے نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ پاکستانی ایف سولہ طیاروں کی گنتی کی گئی وہ تعداد میں پورے ہیں۔ایف سولہ طیارہ مار گرانے کے دعوے میں کوئی صداقت نہیں۔واضح رہے کہ پلوامہ واقعہ کے بعد پاک ہند کشیدگی کے دوران نئی دہلی نے پاکستان کے ایک ایف16 طیارے کو مارگرانے کا دعوی کیا تھا۔ثبوت کے طورپر ایمرام میزائل کے ایک ٹکڑے جیسی کوئی چیز دکھائی ،جس کے بارے میں دعوی تھا کہ یہ صر ف پاکستان کے ایف۔16 جہاز سے ہی داغا جاسکتا تھا۔
ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے امریکی جریدے کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وقت آگیا ہنداپنے جھوٹے دعوے اور نقصان پر اب سچ بولے۔ آئی ایس پی آرنے امریکی جریدے فارن پالیسی کی رپورٹ ٹوئٹر پر شیئر کی اور کہا کہ سب تعریفیں اللہ کے لئے ہیں۔سچ ہمیشہ قائم رہتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہندکےلئے وقت ہے کہ وہ اپنے جھوٹے دعوے پر سچ بولے اور دوسرے طیارے کے بارے میں بھی بتائے جو پاکستان نے مار گرایا تھا۔ ہند کو اپنے گریبان میں جھانکنے کی ضرورت ہے، خصوصاً کشمیر پر ڈھائے جانے والے مظالم پر، خطے کو امن، ترقی اور خوشحالی کی ضرورت ہے۔

Exit mobile version