امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو کے تارکین وطن کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تارکین وطن سے ’ہمارا ملک بھر گیا ہے۔‘
اتوار کی شب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ایک بار پھر میکسیکو کوتنبیہ کی ہے کہ اگر میکسیکو تمام غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار نہیں کرتا تو امریکہ کے پاس جنوبی سرحد بند کرنے اور قوانین لاگو کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹر بیان میں مزید کہا کہ ’ گذشتہ کئی برسوں کے مقابلے میں جنوبی سرحد پر مزید خطرات کا ادراک ہو ا ہے، ہمارا ملک تارکین وطن سے بھر گیا ہے۔ ملک کا نظام کئی برسوں سے ٹوٹا ہوا ہے۔ نظام میں موجود خرابیوں کو ٹھیک کرنے کے لیے ڈیموکریٹس کو اتفاق کرنا ہوگا۔جرائم اور منشیات کے لیے سرحدکھلے نہیں، اگر ضرورت ہوئی تو ہم جنوبی سرحد کو بند کر دیں گے۔‘
اس سے پہلے بھی امریکی صدرنے کئی بار میکسکوکے تارکین وطن کو خبردار کر چکے ہیں۔ انہوں نے قوانین سخت کرنے کا بھی عندیہ دیا تھا۔
اپنی انتخابی مہم میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائی کریں گے، انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ وہ میکسیکو سرحد پر دیوار بنائیں گے۔
دوسری جانب امریکہ کی ہوم لینڈ سیکریٹری کیرسٹ جین نیلسن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے ، اپنے استعفیٰ کے بارے میں انہوں نے کوئی وجہ نہیں بتائی۔
کیرسٹ جین نیلسن نے صدر ٹرمپ کی کچھ متنازع سرحدی پالیسیوں کو نافذکیا تھا ، بین الاقوامی ذرایع ابلاغ کے مطابق کہ کیرسٹ جین نیلسن نہ صرف تجویز کردہ سرحدی دیوار کو نافذ کرنے بلکہ تارکین وطن خاندانوں کو علیحدہ کرنے کی بھی ذمہ دار تھیں۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کی شب کہا تھا کہ سیکریٹری کیرسٹ جین نیلسن کی جگہ امریکی کسٹم اور بارڈر سکیورٹی کے کمشنر کیون مک الینن قائم مقام سیکریٹری ہوں گے۔