چیئرمین کشمیر کونسل چیف جسٹس کیخلاف ریفرنس سپریم جوڈیشنل کونسل کو بھجیں،حسن ابراہیم

جے کے پی پی مسعود خان کو آزادکشمیر کا صدر تسلیم نہیں کرتی اسی لئے چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس چیئرمین کشمیر کونسل کے پاس دائر کرنا پڑا
وزیراعظم پاکستان نے ہماری شکایت کا ازالہ نہیں کیا تو اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، خالد ابراہیم کے مشن سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے،پریس کانفرنس
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر و ممبر قانون ساز اسمبلی سردار حسن ابراہیم نے نیشنل پریس کلب اسلام آبادمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی نے چیف جسٹس آف سپریم کورٹ آزاد کشمیر کے خلاف ر یفرنس دائر کیا ہے، ہم چیئرمین کشمیر کونسل(وزیر اعظم پاکستان)سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس ریفرنس کو سپریم جوڈیشل کونسل کے پاس بھیج کراپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کریں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ چیف جسٹس آف سپریم کورٹ آزاد کشمیر آئین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں انہوں ے ماضی میں ایک بارازخود سپریم جوڈیشنل کونسل بنائی، ماتحت عدالتوں کے کام میں مداخلت کی۔ میرٹ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بغیر کسی پراسس کے سپریم کورٹ میں بھرتیاں کی گئی۔یہ خالصتا میرٹ اور انصاف کا معاملہ ہے۔ ہم نے آزاد جموں کشمیر آئین کے مطابق آئینی راستہ اپناتے ہوئے چیئرمین کشمیر کونسل( وزیر اعظم پاکستان)کے پاس ریفرنس دائرکیااور آئینی راستہ اپناتے ہوئے وزیر امور کشمیر کو ریفرنس جمع کروایا۔ایک سوال کے جواب میں سردار حسن ابراہیم نے کہا کہ صدر آزاد کشمیر سے انصاف کی توقع نہیں تھی۔جموں کشمیر پیپلز پارٹی سردار مسعود خان کو آزادکشمیر کا صدر تسلیم نہیں کرتی اسی لئے چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس چیئرمین کشمیر کونسل کے پاس دائر کرنا پڑا۔ بنیادی طور پرچیف جسٹس سپریم کورٹ آزاد کشمیر نے آئین کی دفعہ 34کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سردار خالد ابراہیم خان کو غیر آئینی نوٹسز جاری کئے اور اس کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ پارلیمنٹ کے وقار کو مجروح کیا گیااور چیف جسٹس کا یہ اقدام پارلیمنٹ قانون ساز اسمبلی کی خود مختاری پرکمزورکرنے کے مترادف ہے۔آزاد کشمیر کی سپریم کورٹ صرف اپیلنٹ کورٹ ہے اوریہ ان کا آئینی دائرہ اختیار نہیں۔سردار حسن ابراہیم نے واضح کیا یہ ریفرنس دائر کرنے پر اگر سپریم کورٹ نے انہیں نوٹس جاری کرکے طلب کیا تو وہ کسی صورت پیش نہیں ہونگے۔ جموں کشمیر پیپلز پارٹی آئین کی بالادستی، میرٹ کی حکمرانی اور عدلیہ کی وقار کے لئے جدوجد کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے اندر آئین کی بالادستی، میرٹ کی حکمرانی کے لئے جس نے بھی جدوجہد کرنی ہے ہمارا ساتھ دیں۔ممبرقانون ساز اسمبلی سردار حسن ابراہیم نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے اندرادارے بنانے اور ادارے چلانے میں بانی آزاد کشمیر سردار محمد ابراہیم خان کا ایک کلید ی کردار ہے۔ سردار خالد ابراہیم خان نے اپنی 40 سالہ سیاست میں اداروں کی استحکام، آئین، میرٹ کی حکمرانی کے لئے عملاً جدوجہد کرتے ہوئے دو مرتبہ اسمبلی نشست سے احتجاجاً استعفیٰ دیا۔ ہم سردار خالد ابراہیم خان کے ویژن کے مطابق اس جدوجہد سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے اورآئین کی بالادستی، انصاف، میرٹ کی حکمرانی، اداروں کی وقارکے لئے بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ ممبرقانون ساز اسمبلی سردار حسن ابراہیم نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ اگرچیئر مین کشمیر کونسل(وزیراعظم پاکستان)ہماری شکایت کا ازالہ نہیں کرتے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ اس پریس کانفرنس میں
ان کے ہمراہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے صدر شیخ فضل کریم ایڈوکیٹ،مرکزی سیکرٹری جنرل سید نشاط کاظمی ایڈوکیٹ،سابق چیف جسٹس آزاد کشمیر ہائی کورٹ سردار نواز خان، مرکزی چیف آرگنائزرآصف گیلانی، ممبر ایڈوئزری کمیٹی سردار اسد ابراہیم خان،نبیلہ ا رشاد ایڈوکیٹ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات سردار نوید حیات خان، مرکزی سیکرٹر ی مالیات سردار خورشید خان،سردار عاشق خان، مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سرداررحیم اشرف، سردار تسلیم، مرکزی چیئرمین یوتھ شاہد اخترخان، سردار عارف عدنان ریاض ایڈوکیٹ، رضوان مصطفی ایڈوکیٹ ودیگر شامل تھیں۔
حسن ابراہیم

اپنا تبصرہ بھیجیں