Site icon روزنامہ کشمیر لنک

بھارت کے عام انتخابات کیلئے 20 ریاستوں میں پولنگ، مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال

نئی دہلی: بھارت کی قومی اسمبلی (لوک سبھا) کے انتخابات کے لیے آج 20 ریاستوں میں انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے جب کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انتخابات کے خلاف مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔بھارت کی لوک سبھا کی کل 543 نشستوں پر ووٹنگ 7 مراحل میں ہونا ہے جس کا باقاعدہ آغاز 20 ریاستوں کی 91 نشستوں پر پولنگ سے ہوچکا ہے۔پولنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے تک جاری رہے گا جب کہ پولنگ اسٹیشنز پر پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے اہلکار تعینات ہیں۔جن ریاستوں میں پولنگ ہو رہی ہے، ان میں آندھرا پردیش، ارونچل پردیش، آسام، بہار، چتھیس گڑھ، مہاراشٹرا، مقبوضہ جموں کشمیر، مانیپور، میگھالایا، میزورام، ناگالینڈ، اودیشا، سکم، تلنگانا، اترپردیش، اترکھنڈ، مغربی بنگال، آندامن، لکشدویپ اور ترائپورا شامل ہیں۔دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں پولنگ کے خلاف آج مکمل ہڑتال کی جارہی ہے، کاروباری مراکز بند اور سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم ہے۔یاد رہے کہ بھارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 18 اپریل کو 13 ریاستوں، تیسرے مرحلے میں 23 اپریل کو 14 ریاستوں میں پولنگ ہوگی اور آخری ساتویں مرحلے میں 19 مئی کو 8 ریاستوں میں پولنگ ہوگی جس کے بعد نتائج کا اعلان 23 مئی کو کیا جائےگا۔

Exit mobile version