Site icon روزنامہ کشمیر لنک

کوئٹہ کی سبزی منڈی میں دھماکہ، 16 افراد ہلاک

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے داراالحکومت کوئٹہ میں حکام کے مطابق شہر کی سبزی منڈی میںہونے والے بم دھماکے میں 16 افراد ہلاک جبکہ 30 زخمی ہوگئے ہیں۔
کوئٹہ کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل عبدالرزاق چیمہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکہ ہزار گنجی فروٹ منڈی میں جمعہ کی صبح ہوا اور دھماکہ خیز مواد آلوﺅں کی بوری میں چھپایا گیا تھا۔
عبدالرزاق چیمہ نے کہا کہ ’دھماکے میں 16افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں ہزارہ برادری کے سات فراد اور ایف سی کا ایک اہلکار شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی یہ بات حتمی طور پر نہیں کہی جا سکتی کہ بم دھماکے کا اصل ہدف ہزارہ برادری کے لوگ تھے۔ حکام کے مطابق کوئٹہ کی ہزارہ برادری کے افراد کو پولیس اور ایف سی کی سکیورٹی میں سبزی منڈی لایا اورلے جایا جاتا ہے ۔
ہزارہ برادری کے افراد کو نشانہ بنائے جانے کے سوال پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل نے بتایا کہ ’ان کو پہلے بھی ہدف بنایا جاتا رہا ہے مگر اس دھماکے کی ابھی تفتیش ہوگی تو کوئی حتمی نتیجہ سامنے آئے گا۔‘ ان کا کہنا تھا کہ سبزی منڈی میں ہزارہ کے علاوہ دوسرے لوگ بھی آتے ہیں ۔ ‘
سکیورٹی فورسز نے سبزی منڈی کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ ریسکیو اداروں نے زخمیوں کوسول ہسپتال اور بولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا ہے ۔
کوئٹہ سول ہسپتال کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ان کے پاس لائے گئے زخمیوں میں سے چار کی حالت تشویش ناک ہے ۔

Exit mobile version