Site icon روزنامہ کشمیر لنک

ملک بھر میں بارشیں اور سیلابی ریلے،گندم ، مکئی کی ہزاروں ایکڑ فصلیں تباہ

ندی نالوں میں طغیانی ،درجنوں دیہات زیر آب آ گئے ، متاثرین محفوظ مقامات پر منتقل
ناگہانی نقصان پر بہت دکھ ہے،متاثرہ کسانوں کے نقصان کا ازالہ کیا جائیگا ، نعمان لنگڑیال
مصیبت کی گھڑی میں محکمہ خوراک کسانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا،سمیع اللہ چوہدری

اسلام آباد  بارش،ژالہ باری، آندھی، طوفان اور سیلابی ریلوں نے ملک کے مختلف علاقوں میں تباہی مچا دی ، بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی جس سے درجنوں دیہات زیر آب آ گئے ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ، پنجاب ،بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں گندم سمیت ہزاروں ایکڑ فصل بھی تباہ ہو گئی صوبہ پنجاب کے ضلع راجن پور میں ریسکیو آپریشن کے ذریعے محصور آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا اور ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں 5 ریلیف کیمپ بھی قائم کردیئے ۔فلڈ کنٹرول روم کے مطابق ضلع راجن پورکے برساتی نالے کاہا سلطان میں 6 ہزار ، چھاچھر میں 5 ہزار اور71 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلہ پل پٹھان سے گز ر ا،شدید موسمی صورتحال کے سبب گندم و مکئی کی فصل کو نقصان پہنچا ۔پنجاب کے صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہاہے کہ ژالہ باری اور شدید بارشوں سے گندم و مکئی کی فصل پر برے اثرات مرتب ہوئے ،انسان قدرت کے سامنے بے بس ہے، ناگہانی نقصان پر بہت دکھ ہے ،ابتدائی اندازے کے مطابق35 ہزار ایکڑ اراضی پرگندم اوردیگر فصلوں کا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن زمیندار اور کسان بھائیوں کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے ان کی پریشانی کا احساس ہے ،آزمائش کے باوجود ہدف کے قریب قریب پہنچنے کی کوشش کریں گے۔ابتدائی اندازے کے مطابق35 ہزار ایکڑ اراضی پرگندم مکئی چارہ کی فصل کا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کے سروے اور رپورٹ کی روشنی میں متاثرہ کسانوں کے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔سیالکوٹ، گوجرانوالہ ، بھیرہ، چنیوٹ اور سانگلہ ہل سمیت متعدد علاقوں میں بارش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا ۔ بعض علاقوں میں فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ۔پنجاب کے صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے بھی ایک ہی دن میں قصور، ملتان اور بہاول پور کا دورہ کیا ہے ۔ انہوں نے بارشوں کے باوجود مختلف علاقوں میں فصلوں کا معائنہ کرنے کے ساتھ کسانوں سے ملاقات بھی کی ۔صوبائی وزیر خوراک نے محکمہ خوراک کے افسران کو گندم کے موجودہ اسٹاک کی تفصیلات پیش کرنے اورگندم کے موجودہ اسٹاک کو ہر صورت بارشوں سے محفوظ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ گندم کی فصل کو نقصان کے پیش نظر آئندہ سال آٹے کی قلت پیدا نہ ہونے دی جائے،کسی سنٹر میں گندم کو نقصان پہنچا تو متعلقہ افسران سے سختی سے نمٹا جائے گا،آفت کی اس گھڑی میں کسان بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلی پنجاب تمام صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں محکمہ خوراک کسانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا۔ پوری قوم سے اپیل ہے کہ اللہ کے حضور رحمت اور آسانیوں کی دعا کریں، ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں سے پیش آنے والے حادثات میں کئی افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ اوکاڑہ میں مکان کی چھت گرنے سے تین بچیاں جاں بحق اور پانچ افراد زخمی ہو گئے۔محکمہ موسمیات نے ملک کے طول و عرض میں مزید 48 گھنٹوں تک بارشوں اور طوفانی ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی ہے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں حالیہ بارشوں اور ژالہ باری سے گندم کی تیار فصل کو شدید نقصان کا اندیشہ ہے۔ عوام الناس سے اپیل ہے کہ اللہ تعالی کے حضور بارش کے تھمنے اور کسان کی فلاح کیلئے گرگڑا کر دعا کریں۔mk/nsr

Exit mobile version