Site icon روزنامہ کشمیر لنک

عمران نے ایسے وزیر کو نکالا جس کا میں تصور بھی نہیں کرسکتا تھا: شیخ رشید

لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید نے اسد عمر کو کابینہ کا حصہ رہنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ عمران خان ایماندار انسان ہیں انہوں نے ایسے وزیر کو نکالا جس کا میں تصور بھی نہیں کرسکتا تھا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نےکہا کہ ریلوے پاکستان اور سی پیک کی ریڑھ کی ہڈی ہے، ایم ایل ون کے بعد ٹرین کی رفتار کم از کم 160 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوجائےگی جس سے کراچی اور لاہور کے درمیان 8 گھنٹے کا سفر ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سازش کے تحت پیسا پلوں اور سڑکوں پرلگایا گیا، اسی ریلوے میں 40 ٹرینیں چلا کر دکھاؤں گا، وزیراعظم کی موجودگی میں ایم ایل ون پر دستخط ہوں گے۔وزیر ریلوے کا کہنا تھاکہ ریلوے کے نئے منصوبوں سے ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو روز گار ملے گا، ملک سرحدوں پر حملوں سے نہیں معیشت تباہ ہونے سے ٹوٹتے ہیں، عمران خان جب حکومت میں آئے خزانہ نام کی کوئی چیز نہیں تھی۔شیخ رشید نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر سے متعلق کہا کہ انہوں نے محنت کی، ان کی تبدیلی کا فیصلہ عمران خان کا اختیار ہے، اسد عمر نے تو خود استعفیٰ دیا، صرف ایک وزیر کو کابینہ سے نکالا گیا جس پر میڈیا نے طوفان کھڑا کردیا، اسد عمر سے بات کروں گا کہ وہ کابینہ کا حصہ رہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے بہت وزرائےاعظم کے ساتھ کام کیا ہے، خدا گواہ ہے عمران خان سب سے بہتر کام کررہے ہیں، عمران خان ایماندار انسان ہیں، انہوں ایسے وزیر کو نکالا ہے جس کا تصور بھی نہیں کر سکتا تھا۔

Exit mobile version