Site icon روزنامہ کشمیر لنک

پاکستان اور ایران کا اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے پر اتفاق

تہران: پاکستان اور ایران کے درمیان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔وزیراعظم عمران خان اور ایرانی صدر حسن روحانی کے درمیان ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس کے بعد صحت کے شعبے میں پاکستان اور ایران تعاون کے اعلامیے پر دستخط کی تقریب ہوئی۔اعلامیے کی تقریب کے بعد وزیراعظم عمران خان اور ایرانی صدر حسن روحانی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔پریس کانفرنس میں ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے اہم معاملات سمیت خطے کو درپیش مسائل پر بات چیت ہوئی، پاکستان ایران کے تعلقات میں مزید وسعت پر بھی تبادلہ خیال ہوا، دونوں ممالک میں سرحد پر سیکیورٹی اقدامات بہتر کرنے پر بات چیت ہوئی، عمران خان نے دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے، مستقبل قریب میں پاکستان کا دورہ کروں گا۔ایرانی صدر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں سرحدوں پر سیکیورٹی کے لیے مشترکہ ریپڈ فورس کی تشکیل پر اتفاق کیا گیا ہے، پاکستان اور ایران کے درمیان باہمی تجارت بڑھانے پر بات چیت ہوئی ہے، ایران 10 گنا زیادہ بجلی پاکستان ایکسپورٹ کرنے پر تیار ہے۔حسن روحانی کا کہنا تھا کہ کوئی تیسرا ملک پاکستان اور ایران کے تعلقات پر اثر انداز نہیں ہوسکتا۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے پرتپاک استقبال پر ایرانی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کچھ دن پہلے بلوچستان میں ہمارے 14 سیکیورٹی اہلکار شہید کیے گئے، ایران آنے کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ خطے کو دہشتگردی کا مسئلے کا سامنا ہے، ایران آنے کا مقصد سیکیورٹی معاملات پر بات کرنا تھا تاکہ دہشتگردی کے اس مسئلے پر قابو پایا جاسکے۔

Exit mobile version