پشاور کے علاقے ماشوخیل میں پولیو ویکسین سے بچوں کی طبیعت خراب ہونے کا ڈرامہ اور اس کی آڑ میں اسپتال کو آگ لگانے والے مزید 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ایس پی پشاور صاحبزادہ سجاد کا کہنا ہے کہ مرکز صحت ماشوخیل میں توڑ پھوڑ کے الزام میں گرفتار کیے جانے والے 9 افراد میں اسکول پرنسپل کا بھائی بھی شامل ہے۔ایس پی پشاور کے مطابق گرفتار کیے گئے 9 ملزمان کو ویڈیو کی مدد سے گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے 2 کلاشنکوف اور 2 پستول برآمد ہوئے جب کہ گرفتار افراد کی تعداد 10 ہوگئی۔صاحبزادہ سجاد نے بتایا کہ گرفتار افراد 5 ایف آئی آر میں نامزد ہیں جب کہ مجموعی طور پر 12 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ 22 اپریل کو پولیو کے قطرے پینے سے 100 سے زائد بچوں کی طبیعت خراب ہونے کا معاملہ سامنے آیا تھا جس پر مشتعل افراد نے بی ایچ یو ماشوخیل میں تھوڑ پھوڑ کی تھی تاہم بعدازاں ویڈیوز سامنے آنے کے بعد ڈرامہ رچانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔ضلعی انتظامیہ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دارالقلم ماڈل اسکول ماشو خیل، حال مارک اسکول حسن گڑھی اور قدیم پرائمری اسکول میرہ کچوڑی میں پولیو کے قطرے پینے کے دوران بچوں میں ری ایکشن کی اطلاعات ملیں اور 767 بچے مختلف اسپتالوں میں لائے گئے تاہم ان کی حالت ٹھیک پائی گئی۔