اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس میں دو خواتین ملزمان کے بعد اور ایک ملزم نے وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست دے دی جب کہ عدالت نے سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 9 مئی تک توسیع کردی۔احتساب عدالت نمبر 2 کے جج ارشد ملک نے جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت کی تو اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور عدالت میں پیش ہوئے۔کیس کی سماعت شروع ہوئی تو ملزم شیر محمد نے وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست دی جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزم کی درخواست موصول ہو چکی ہے جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔اس سے قبل کرن اور نورین نامی 2 ملزم خواتین نے عدالت سے گواہ بننے کی درخواست کی تھی جس پر عدالت نے انہیں الگ الگ تحریری درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ پیپر بُکس کی ایک ایک کاپی تیار کی ہے، عدالت ریکارڈ کا جائزہ لے۔کیس سے منسلک کراچی جیل میں قید 4 ملزمان کو پیش نہیں کیا جا سکا جن سے متعلق فاضل جج نے استفسار کیا کہ ملزمان کی پیشی کیلئے چیف سیکرٹری سندھ کو نوٹس کیا تھا، اس کا کیا بنا؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا چیف سیکرٹری سندھ کی جانب سے کوئی جواب نہیں ملا۔عدالت نے ملزمان کی طلبی کے لیے چیف سیکرٹری سندھ کو دوبارہ نوٹس جاری کردیا۔عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 9 مئی تک توسیع کرتے ہوئے انہیں 20 ،20 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی۔