کراچی:بلدیہ عظمیٰ کے زیر انتظام 13 اسپتالوں میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا گیا۔بلدیہ عظمیٰ کی جانب سے جاری اعلامیے کےمطابق شہر میں ہیٹ ویو کے خدشے کے پیش نظر کے ایم سی کے زیرانتظام 13 اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے اسٹاف عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔اسپتالوں میں ہیٹ ویو سے بچاؤ کے ایمرجنسی وارڈز قائم کرنے اور ایمبولینس کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے یکم سے 3 مئی کے دوران کراچی میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا ہے اور اس دوران شہر کا درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے جب کہ شہر میں سمندری ہوائیں بند رہیں گی۔