لندن: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجوزہ اضافے کی مذمت کی ہے۔ایک بیان میں شہبازشریف نے کہا کہ حکومت کی طرف سے عوام کو 9 روپے 11 پیسے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے ساتھ رمضان مبارک، رمضان سے قبل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ظلم اور بے حسی کی انتہا ہے۔قائد حزب اختلاف نے کہا کہ حکومت اپنی نااہلی اور نالائقی کا بوجھ عوام پرڈال رہی ہے، ریاست مدینہ بنانے والوں نے رمضان المبارک کا بھی خیال نہیں کیا، رحمتوں اور برکتوں کے مہینے کی آمد پر عوام پر مزید مہنگائی کا عذاب مسلط کردیاگیا۔شہبازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت کی نااہلی اور نالائقی کے سبب غریبوں کا گھر، تاجروں کا کاروبار اور ملکی نظام منجمد ہوگیا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ 450 ارب کے بجٹ خسارہ پورا کرنےکی ناکام کوشش ہے۔