مظفرآباد(بیورو رپورٹ) وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کا کھڑاک ‘ وزراء کے اعتراض کے باوجود پی ڈی او میں اپنے بچپن کے دوست ملک اسرار کو تین سال کے لئے کنٹریکٹ بنیادوں پر منیجنگ ڈائریکٹر تعینات کردیا ‘ وزیر پی ڈی او چوہدری رخسار احمد کا اعتراض مسترد ‘ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیر مواصلات کی طرف سے اٹھائے جانیوالے اعتراضات بھی نظر انداز کردیئے گئے ‘ پی ڈی او رولز ملک اسرار کے لئے نرم کردیئے گئے ۔ حکومتی بحران میں اضافہ ، وزراء کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آنے کی توقع ‘ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ملک اسرار احمد ریٹائرڈ سیکرٹری پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن ( پی ڈی او ) کو سکروٹنی کمیٹی کی سفارشات پر پی ڈی او میں تین سال کے کنٹریکٹ پر ایم ڈی تعینات کردیا گیا ہے ۔ انہیں گریڈ۔ 20کی جملہ مراعات حاصل ہونگی اور کنٹریکٹ ایک ماہ کے پیشگی نوٹس کے بعد کسی بھی وقت ختم کیا جاسکتا ہے ۔ ملک اسرار کی پی ڈی او میں بحیثیت ایم ڈی تعیناتی کے لئے کوششیں گزشتہ 4ماہ سے جاری تھیں۔ وزیر پی ڈی او کے اعتراض کی وجہ سے معاملہ زیر التواء تھا تاہم وزیراعظم نے اپنے اختیارات اور اتھارٹی کے تحت ملک اسرار کی تعیناتی کے لئے تمام قواعد ، رولز معطل کرتے ہوئے وزیر پی ڈی او کے بجائے براہ راست سمری منگوا کر منظوری دی جس پر محکمہ سروسز و جنرل ایڈمنسٹریشن نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔ ملک اسرار احمد کی تعیناتی روکنے کے لئے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بھی معاملہ اٹھایا گیا تھا مگر بدلتے ہوئے حالات کے تناظر میں وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے اپنی اتھارٹی منوا لی ہے ۔ ملک اسرار کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری ہوتے ہی پارلیمانی پارٹی میں مشاورتی عمل شروع ہوگیا ہے اس حوالے سے آئندہ چند روز کے اندر وزراء کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آسکتا ہے ۔