Site icon روزنامہ کشمیر لنک

ضم شدہ قبائلی اضلاع میں انتخابات: کاغذات نامزدگی کی وصولی کا آج دوسرا روز

اسلام آباد: خیبرپختونخوا کے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جمع کرانے کا آج دوسرا روز ہے۔الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا کے مطابق پہلے دن کسی بھی امیدوار نے کاغذات نامزدگی وصول نہیں کیے۔اورکزئی کے قبائلی حلقہ پی کے 110 کے لیے متحدہ قبائل پارٹی کے حبیب نور اور پیپلز پارٹی کے شعبان علی نے کاغذات وصول کیے۔اسسٹنٹ الیکشن کمشنر فرید خٹک کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے بشارت حسین سمیت مجموعی طور پر 13 امیدوار فارم وصول کرچکے ہیں۔پی کے 110 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 92 ہزار 633 ہے جن میں مرد ووٹرز ایک لاکھ 8 ہزار 649 اور خواتین رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 83 ہزار 984 ہے ۔الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 9 سے 11 مئی تک وصول اور جمع کرائے جاسکیں گے جب کہ ضم اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے 2 جولائی کو انتخابات ہوں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق صوبائی اسمبلی کی 16 جنرل نشستوں، 4 خواتین کی مخصوص نشستوں اور اقلیت کی ایک نشست پر انتخاب ہوگا۔

Exit mobile version