Site icon روزنامہ کشمیر لنک

کوئٹہ دھماکے کے شہید چاروں اہلکاروں کی نماز جنازہ کے بعد میتیں ورثا کے حوالے

کوئٹہ کے علاقے سیٹیلائٹ ٹاؤن کی منی مارکیٹ میں دھماکے میں شہید ہونے والے چاروں پولیس اہل کاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی۔کوئٹہ دھماکے کے بعد شہر کی فضا سوگوار ہے اور شہر میں سیکیورٹی کو مزید سخت کردیا۔دھماکے کے شہید چاروں اہلکاروں غلام نبی، محمد اسحاق، ذوالفقار اور مشتاق شاہ کی میتیں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں۔نماز جنازہ میں پولیس اور فرنٹیئر کور کے افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔سیٹلائیٹ ٹاؤن بم دھماکے کا مقدمہ تاحال درج نہیں ہوا اور اس کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ سیٹلائیٹ ٹاؤن تھانے سے مراسلے کے بعد سی ٹی ڈی حکام مقدمہ درج کریں گے۔ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل پر نصب تھا اور دہشت گردوں کا نشانہ پولیس اہلکار تھے۔یاد رہے کہ گزشتہ شب سیٹیلائٹ ٹاؤن کی منی مارکیٹ میں جامع مسجد ہدیٰ کے قریب پولیس کی 2 موبائل نماز تراویح کی سیکیورٹی پر مامور تھیں جن کے قریب زور دار دھماکا ہوا، واقعے میں 2 اہلکاروں سمیت 11 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں 2 کی حالت تشویشناک ہے۔

Exit mobile version