Site icon روزنامہ کشمیر لنک

آصف زرداری کیخلاف جعلی اکاؤنٹس سے متعلق کیسز کی تفصیلات ہائیکورٹ میں جمع

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف جعلی بینک اکاؤنٹس کیس سے متعلق تمام نیب انکوائریز کی تفصیلات ہائیکورٹ میں جمع کرادیں۔ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جعلی بینک اکاؤنٹس کیس سے متعلق سابق صدر آصف زرداری کے خلاف نیب انکوائریز اور انویسٹی گیشنز کی رپورٹ جمع کرائی۔عدالت نے 29 اپریل کو آصف زرداری کی درخواست پر تمام کیسز کی تفصیلات طلب کی تھیں۔عدالت میں جمع کرائی گئی نیب رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس سے متعلق مجموعی طور پر 26 انکوائریز اور انویسٹی گیشنز جاری ہیں۔نیب رپورٹ کے مطابق جعلی بینک اکاؤنٹس سے متعلق انکوائریز سپریم کورٹ کے حکم پر شروع کی گئیں اور 5 انکوائریز اور 3 انویسٹی گیشنز میں آصف زرداری کا کردار سامنے آیا ہے۔نیب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری کے اب تک صرف ایک کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔عدالتی حکم پر آصف زرداری کے وکلا کو بھی نیب رپورٹ کی پیشگی کاپی بھجوا دی گئی ہے۔

Exit mobile version