Site icon روزنامہ کشمیر لنک

وفاق کے بعد پنجاب میں بھی نیا معاشی ماہر لانے کا فیصلہ

وفاق کے بعد پنجاب میں بھی نیا معاشی ماہر لانے کا فیصلہ، وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر اکرم چوہدری نے استعفیٰ دے دیا، بجٹ سازی کے لیے ماہر اقتصادیات ڈاکٹر سلمان شاہ کو ذمہ داری دیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کو ریونیو ریکوری میں کمی اور بجٹ سازی میں مشکلات ہیں ، پنجاب ریونیو اتھارٹی بھی اہداف حاصل نہیں کرپائی۔وفاق کے بعد پنجاب میں بھی نیا معاشی کھلاڑی میدان میں اتارنے کا فیصلہ سامنے آگیا۔ نئے معاشی کھلاڑی کو جگہ دینے کے لیے وزیر اعلیٰ کے مشیر اکرم چوہدری مستعفی ہو گئے ، انہیں پنجاب فوڈ اتھارٹی کا چیئرمین بنانے کی سمری وزیراعلیٰ کو بھجوا دی گئی۔پنجاب حکومت نے بجٹ سازی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے سابق وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر سلمان شاہ کو ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میں انہیں وزیراعلیٰ کا مشیر خزانہ بنایا جارہا ہے، اس مقصد کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے مشیر اکرم چوہدری سے قلمدان واپس لیا جارہاہے۔ذرائع کے مطابق اکرم چوہدری نے اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ کو بھجوا دیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیروں کی تعداد 5 ہے اور وہ ایک وقت میں اتنے ہی مشیر رکھ سکتے ہیں، اکرم چوہدری کو پنجاب فوڈ اتھارٹی کا چیئرمین بنانے کیلئے سمری وزیراعلیٰ کو ارسال کردی گئی ہے۔

Exit mobile version