اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی و پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ میثاق جمہوریت کو لیکر آگے بڑھیں گے اور مزید چیزیں شامل کریں گے۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے دیئے گئے افطار ڈنر کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ بلاول سے پہلی ملاقات رائیونڈ میں ہوئی جب وہ والدہ کے انتقال پر تعزیت کےلیے آئے تھے، بلاول میاں صاحب کی عیادت کے لیے بھی آئے، یہ خلوص اچھا لگا۔انہوں نے کہا کہ بلاول کی جانب سے دعوت ملی تو اسی خلوص سے یہ دعوت قبول کی، دونوں جماعتیں روایتی حریف ہیں لیکن میدان میں مقابلہ بھی کرتے ہیں اور دکھ سکھ میں شامل بھی ہوتے ہیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ چارٹر آف ڈیموکریسی ختم نہیں ہوا، اس میں توسیع کریں گے اور میثاق جمہوریت کا یہ فائدہ ہوا کہ دو حکومتوں نے اپنی مدت پوری کی جو کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے، اختلافات کواس نہج پر نہیں لے جانا چاہیےکہ واپسی کا راستہ ہی نہ رہے۔