Site icon روزنامہ کشمیر لنک

افطار ڈنر پر گزشتہ روز لوٹ مار کے مال کے تحفظ کا تجدید عہد کیا گیا: فردوس عاشق

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن کے اجلاس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ کل افطار کے نام پر موروثی سیاسی آمریتوں کی اگلی نسلوں کو منتقلی کی تقریب تھی جس میں لوٹ مار کے مال کے تحفظ کا تجدید عہد کیا گیا۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دونوں بڑی اپوزیشن جماعتوں کو عوام کا نہیں اقتدار کا درد ہے، کرپشن کی سیاست سے ان کے دامن داغدار ہیں اور یہ لوگ کس منہ سے عوام کی بات کر رہے ہیں، یہ سب چلے ہوئے کارتوس ہیں۔معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ قصیدہ گو، دربان موروثی سیاسی آمریت کے ہاتھ پر بیعت کی گردانیں پڑھنا شروع کردیں گے، قوم کو غلامی میں نہیں جانے دیں گے، عمران خان قوم کو غلام ابن غلام بنانے سے بچانے کی جدوجہد کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا، یہ لوگ ہی قوم کو مقروض کرنے والے ہیں، عوام ان لوگوں کی چالوں کو سجھتے ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایک طرف حق اور سچ اور دوسری طرف جھوٹ ہے، پاکستان کے عوام عمران خان اور حکومت کے ساتھ ہیں۔وفاقی وزیر شیریں مزاری کا اپنے ردعمل میں کہنا تھا مزے کی بات یہ ہے کہ اپوزیشن کی کُل جماعتی کانفرنس کی صدارت وہ مولانا فضل الرحمان کریں گے جو خود اسمبلی کے رکن بھی منتخب نہیں ہو سکے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے دیے گئے افطار ڈنر میں شرکت کی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ عید کے بعد کُل جماعتی کانفرنس میں مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

Exit mobile version