Site icon روزنامہ کشمیر لنک

پی ٹی آئی جسے چاہے لے آئے، نالائق اعظم سے جان چھڑائی جائے: رانا ثناءاللہ

لاہور: مسلم لیگ کے رہنما رانا ثناء اللہ نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل اور نالائق ٹولا ملک پر مسلط ہوگیا ہے یا کردیا گیا ہے، تحریک انصاف جسے چاہے لے آئے، نالائق اعظم سے جان چھڑائی جائے۔کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملاقات کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اس ملک کو ناقابل تسخیر بنانے والا نواز شریف پابند سلاسل ہے، جس نے ملک و قوم کی خدمت کی اسے ناکردہ گناہوں کی سزا دی گئی۔لیگی رہنما نے حکومتی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ بینک پر آئی ایم ایف کو بٹھا دیا گیا ہے، یہ لوگ کہتے تھے ڈالر اس لیے بڑھ رہا ہے کہ پچھلی حکومت نے روکا ہوا تھا اور آج ڈالر بڑھ رہا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عام آدمی آج دو وقت کی روٹی پوری نہیں کرسکتا، 25 سے 30 ہزار کمانے والا شخص اپنا گھر نہیں چلاسکتا۔انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت ہاتھوں سے نکلی جارہی ہے، اگر حل تلاش نہ کیا تو شاید حالات کنٹرول میں نہ رہیں، سب بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں، پی ٹی آئی کے پاس موقع ہے نالائق اعظم سے جان چھڑائیں اور کسی اور کو لے آئیں جو سیاستدان ہو۔رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ سارا خوف کا ماحول عمران خان نے پیدا کیا ہے، ملک کا وزیر اعظم اگر کرپشن تلاش کرنے کی کوشش کرے گا تو ملک کیسے چلے گا، اسد عمر ناکام نہیں تھے بلکہ ان کا جانا وزیراعظم کی ناکامی تھی۔رہنما مسلم لیگ نے کہا کہ نواز شریف سے لوگ صحت کا پوچھتے ہیں مگر وہ کہتے ہیں ملکی معیشت کا کیا حال ہے، قوم کی تجاویز لے کر اپنے قائد کے پاس جائیں گے اور (ن) لیگ اے پی سی کے فیصلوں کی پابندی کرے گی۔رانا ثنااللہ کا مزید کہنا تھا کہ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان ہمیں گالیاں دیتی ہیں اور ہماری لیڈر شپ کے خلاف غلط زبان استعمال کرتی ہیں تاہم ہم خواتین کا احترام کرتے ہیں۔

Exit mobile version