اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم آفس میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزراء کی جانب سے بریفنگ دی جائے گی، تمام وزارتیں اور ادارے اپنے اثاثوں کے بارے میں کابینہ کو معلومات فراہم کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ بجٹ حکمت عملی 20-2019 دستاویزات پر بریفنگ دیں گے جب کہ کابینہ ارکان کو بجٹ کے نمایاں خدوخال سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔اجلاس میں کابینہ کے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا اور کچھی کینال کی تعمیر میں کرپشن سے متعلق مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے پر بھی غور ہوگا۔علاوہ ازیں ملک میں امن و امان اور معاشی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔